فرانس نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری ریڈ سے گرین کردی، فواد چوہدری

اصل سفر اب شروع ہوا ہے، ہماری معاشی ٹیم کی اصل جنگ یہ ہے کہ کس طرح ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے

548

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فرانس نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزی ریڈ سے گرین کردی ہے جبکہ جرمنی بھی اس پر غور کر رہا ہے۔

اسلام آباد کے ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اصل سفر اب شروع ہوا ہے، ہماری معاشی ٹیم کی اصل جنگ یہ ہے کہ کس طرح ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو زبردست مالی خسارے کا سامنا تھا جس پر چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے بات کی اور ادائیگیوں کے مسئلے کو حل کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پاکستان کو پاؤں پر اس طرح کھڑا کرنا ہوگا کہ درآمدات کم اور برآمدات بڑھائی جائیں، ڈالر کے ذخائر اتنے کرنے ہوں گے کہ قرض لینے کی ضرورت نہ پڑے لیکن یہ سب کرنے کے لیے ٹیکس کا نظام وسیع کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ٹیکس ریٹرن میں مثبت رجحان سامنے آیا ہے اور رواں سال اس میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2017ء میں 11 لاکھ 21 ہزار 5سو 23 ٹیکس ریٹرن فائل ہوئی تھیں جو رواں سال 15 لاکھ سے زائد ہوئی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ درآمدات کو کم اور برآمدات میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ہم سے یہ شکایت کی گئی کہ آپ نے موبائل کی درآمدات پر ٹیکس لگا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 2 ارب ڈالر کے موبائل فون، 90 کروڑ کی دالیں، ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا پالم آئل درآمد کرلیتے ہیں اور جب تک ہم اس طرح کے اخراجات کو کم اور ٹیکس کے نظام میں نہیں لائیں گے ملک کیسے اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری قانونی ترسیلات زر 20 ارب ڈالر ہیں جبکہ تمام اندازے کہتے ہیں کہ یہ 40 ارب ڈالر ہیں‌اور بدقسمتی سے ہم 10 ارب ڈالر کے لیے دنیا بھر میں دھکے کھاتے ہیں، لہٰذا اگر ہم اپنی ترسیلات زر کو بڑھا کر قانونی طریقے میں لے آتے ہیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں، گزشتہ حکومت کے 2 مسئلے تھے ایک کرپشن اور دوسرا کرپشن کا پیسہ باہر بھجوانا تھا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق دور میں کرپشن کی گئی اور لانچوں اور ماڈلز کے ذریعے اس پیسے کو ملک سے باہر بھیجا گیا جبکہ ہم کرپشن روک کر منی لانڈرنگ بن کر رہے ہیں، ترسیلات زر کو قانونی کر رہے ہیں اور برآمدات بڑھا رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان کی عالمی سطح پرامیج میں بہتری آئی ہے۔ ہمارے امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں اور امریکا نے طالبان مذاکرات میں کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ آئل ریفائنری کے معاہدے ہورہے ہیں، جس سے ہمیں ڈالر کی کمی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک جو صرف سڑکوں کی حد تک محدود تھا وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد ہم نے زراعت کیساتھ منسلک کیا ہے اور سڑکوں اور دیگر منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر لے کر جارہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here