برٹش ایئرویزکا 10 سال بعد پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

جون 2019ء سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا، اسلام آباد اور لندن کے درمیان ہر ہفتے 3 پروازیں چلیں گی، دو طرفہ ٹکٹ 499 پاؤنڈ کا ہوگا

606

اسلام آباد: برٹش ایئرویز نے 10 سال بعد پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری کے ہمراہ برٹش ایئرویز کے نمائندوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جون 2019ء سے برٹش ائیرویز کا فلائٹ آپریشن شروع کردیا جائے گا اور اسلام آباد سے ہیتھرو لندن کے لیے ہر ہفتے تین پروازیں چلائی جائیں گی جن کا دو طرفہ ٹکٹ 499 پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔

نمائندہ برٹش ایئرویز رچرڈ کراؤڈر نے کہا کہ پاکستان میں فضائی آپریشن کے لیے تھری کلاس 787 ڈریم لائن طیارے استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ڈیڑھ ملین لوگ ایسے ہیں جن کی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان زیادہ سے زیادہ برطانوی تجارت اور سرمایہ کاری چاہتا ہے، ایئر پورٹ سے جڑواں شہروں تک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا اور ایئر پورٹ تک ٹرانسپورٹ کی ناقص سہولیات کےبارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2008ء میں اسلام آباد کے میرٹ ہوٹل میں بم دھماکے کے بعد سے برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here