اوورسیز پاکستانیوں کو بغیر ٹیکس 2 موبائل فون لانے کی اجازت ملنے کا امکان

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے ایک ٹویٹ میں حکومت کی جانب سے موبائل پر ٹیکس ہٹانے کا عندیہ دیا ہے

516

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کو ہر سال بغیر ٹیکس 2 موبائل فون لانے کی اجازت ملنے اور اسمارٹ فونز پر ٹیکس میں کمی کا امکان ہے۔

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے بیرون ملک سے ایک سے موبائل فون لانے پر ٹیکس عائد کیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید سامنے آئی تھی.

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنی ٹوئٹ میں موبائل فون پر ٹیکس کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘اوورسیز پاکستانی فون لا سکتے ہیں لیکن ایک سے زیادہ فون پر ٹیکس ہے، ہم 2 ارب ڈالر کے موبائل درآمد کر رہے ہیں اس پر ٹیکس نہیں لیں گے تو کیسے چلے گا؟’

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے، مہنگے فون پر 38 فیصد ٹیکس ہے، اس سے زیادہ مناسب ٹیکسیشن کیا ہوگی۔ ٹیکس کلچر اپنانا ہوگا۔

تاہم وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کی جانب سے موبائل فونز پر عائد ٹیکس ہٹانے کا عندیہ دیا ہے۔

زلفی بخاری نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر سے درخواست کی ہے کہ موبائل فون پر ٹیکس کو کم سے کم کیا جائے اور بغیر ٹیکس کے 2 فون لانے کی اجازت دی جائے۔

زلفی بخاری کی درخواست کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون لانے پر ٹیکس میں کمی اور بغیر ڈیوٹی 2 فون لانے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔

1 COMMENT

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here