بم کی اطلاع ملنے پر فیس بک ہیڈ کوارٹرز کو خالی کروا لیا گیا

بم یونٹ کو سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی کے دوران کوئی مشتبہ پیکیج یا ڈیوائس نہیں ملی، پولیس ترجمان

569

لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع فیس بک کے ہیڈکوارٹرز کو بم کی اطلاع ملنے کے بعد عارضی طور پر خالی کرا لیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا مینلو پارک میں واقع فیس بک کمپس میں بم کی اطلاع پر پولیس ڈیپارٹمنٹ نے فوری ردعمل ظاہر کیا تاہم وہاں کوئی مشتبہ پیکیج یا ڈیوائس نہیں ملی۔

فیس بک ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے کیمپس کی کچھ عمارتوں کو خالی کرایا جبکہ اس دوران تمام اسٹاف محفوظ رہا اور بعد ازاں انہیں دوبارہ عمارت میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم فیس بک میں تمام افراد کی حفاظت اور سیکیورٹی کو انتہائی سنجیدہ لیتے ہیں اور ہم خوش ہیں کہ سب محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مینلو پارک پولیس کا کہنا تھا کہ ہم نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ابتدائی معلومات کے ذرائع کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ادھر برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق اصل میں بم کی اطلاع نیو یارک شہر میں پولیس کو دی گئی اور فون لائن کے ذریعے نقد انعام کے بدلے خفیہ معلومات کی پیش کش کی گئی جس کے بعد اس معاملے کو مینلو پارک پولیس کو بھیج دیا گیا۔

مینلو پارک پولیس کی خاتون ترجمان نیکولی ایکر کا کہنا تھا کہ کیمپس میں 3 منزلہ عمارت کو خالی کرایا گیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت ہیڈکوارٹرز کی عمارت میں موجود نہیں تھیں لیکن فیس بک کے ترجمان نے بذریعہ ای میل کہا کہ ’کچھ‘ عمارتوں کو خالی کرایا گیا۔

جس عمارت سے لوگوں کو باہر نکالا گیا اس میں فیس بک کی کمپنی انسٹاگرام کے ملازمین بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ سین ماٹیو کاؤنٹی بم یونٹ نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی کی اور اس دوران کوئی مشتبہ پیکیج یا ڈیوائسز نہیں ملیں۔ تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ عمارت اور تمام عملہ محفوظ ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی عمارت کو بھی مشتبہ پیکٹس میں بم بھیجنے کی متعدد اطلاعات پر خالی کرایا گیا تھا جبکہ ستمبر میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے دفتر کے باہر مشتبہ وین میں بم کی اطلاع ملی تھی۔

اسکے علاوہ رواں سال اپریل میں یوٹیوب کے ہیڈکوارٹرز میں ایک خاتون کے حملے سے 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here