ہر سال تقریبا 15 بلین ڈالر ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھیجے جانے کا انکشاف

ہم نے بائیومیٹرک تصدیق کا سسٹم متعارف کروایا ہے جو حکومت اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں رابطوں میں بہتری لائے گا، زلفی بخاری

724

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے کے لیے قانونی ذرائع سے رقوم پاکستان بھجوانے پر کام کر رہی ہے، ایسے اقدامات کر رہے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آسانی کے ساتھ اپنی رقم بھجواسکیں گے، اس حوالے سے بینکنگ چینلز سے مشکل مراحل کو آسان بنانے پر کام کیا جارہا ہے، مشکل ٹرانزیکشن سسٹم کو آسان بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کی بینکوں کے ذریعے آمد سے دوسرے ذرائع سے پیسے بھجوانے کی حوصلہ شکنی ہوگی، اس وقت 15 ارب ڈالر سے زائد رقم ہنڈی سسٹم کے ذریعے پاکستان بھجوائی جاتی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 7419.98 ملین ڈالر ترسیلات زر کی شکل میں پاکستان بھجوائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بیرون ملک مقیم پاکستانی قانونی طریقے سے 20 ارب ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں جبکہ 15 ارب ڈالر ہنڈی کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here