تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اٹلی آئل اینڈ گیس ملٹی نیشنل کمپنی کے وسط ایشیا کے صدر لوکا وگناتی اور پاکستان میں تعینات مینیجنگ ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔
کمپنی حکام نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان میں تیل اور گیس کی دریافت میں کامیابیوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے غیر ملکی کمپنی کی سرمایہ کاری پیشکش کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی دریافت پر سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، غیر ملکی کمپنیاں ہائیڈرو کاربن انرجی کی دریافت کے لیے آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آسان سرمایہ کاری کے لیے مطلوبہ سہولتیں فراہم کرے گی، سرمایہ کاروں کو حکومتی سطح پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
اس موقع پر لوکا وگناتی نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں 2000ء سے تیل اور گیس کی تلاش کا کام کر رہی ہے، کمپنی مقامی کمیونٹی کی ترقی کے لیے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے برسر اقتدار آنے کے بعد بے شمار غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان مین سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
وزیر اعظم سے اٹلی آئل اینڈ گیس ملٹی نیشنل کمپنی کے حکام کی ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اٹلی آئل اینڈ گیس ملٹی نیشنل کمپنی کے حکام کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم کو پاکستان میں تیل اور گیس کی دریافت میں کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔