لاہور: حب پاور کمپنی لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے تھل نووا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 37 فیصد شیئرز 10 دسمبر 2018ء کو خرید لیے ہیں۔
منگل کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں حبکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (حبکو کا ذیلی ادارہ) نے 10 دسمبر 2018ء کو تھل نووا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 37 فیصد کا شیئرز کامالک بن گیا ہے اور اس سے متعلق تمام مطلوبہ منظوریاں حاصل کی جا چکی ہیں۔
ایک دوسرا نوٹیفکیشن جو کہ تھل لمیٹڈ کی جانب سے سٹاک ایکسچینج کو بھیجا گیا ہے،میں کہا گیا ہے کہ تھل پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جوکہ تھل لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے) نے اپنے تھل نووا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے شیئرز 10 دسمبر 2018ء کو حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ کے نام کر دیے ہیں جس کے بعد تھل لمیٹڈ کے پاس تھل نووا کے صرف 31.5 فیصد شیئرز رہ گئے ہیں۔
اپریل 2016ء میں تھل نووا کو تھر کول مائن سندھ میں 330 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر لگانے کا لائسنس جاری ہوا تھا۔
آغاز میں یہ تھل لمیٹڈ اور نوواٹیکس لمیٹڈ کا مشترکہ منصوبہ تھا۔
نوواٹیکس غنی اور طیب گروپ کا حصہ ہے جو پاکستان میں ٹیکسٹائل اور پولیسٹر کے شعبے میں نمایاں ہے۔
دوسری جانب تھل لمیٹڈ ہاؤس آف حبیب کا حصہ ہے جوکہ بینکنگ، پیکجنگ، ریٹیل اور بلڈنگ میٹریل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔
سی ایم ای سی تھل نووا پاور انوسٹمنٹ لمیٹڈ چائنا مشینری انجنئیرنگ کارپوریشن کا ذیلی ادارہ ہے۔یہ ادارہ بھی 330 میگاواٹ کے منصوبے میں کنسٹرکشن پارٹنر ہے اور اس کے پاس 10 فیصد شیئرز ہیں جبکہ 1 فیصد شیئر ڈیسکون انجنئرنگ لمیٹڈ کا ہے۔