کاروبار اور سرمایہ کاری کا فروغ و تحفظ حکومت کی ترجیحات: وزیراعظم

کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے، وزیراعظم عمران خان

493

کراچی: اتوار کے روز وزیراعظم عمران خان سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور تاجروں کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں، آپ کے پاس اس لیے آیا ہوں تاکہ آپ ہمیں تجاویز دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہے اور بیرون ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔
وزیراعظم سے تاجروں اور اسٹاک مارکیٹ کے وفد کی ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو اسٹاک براکرز اور اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
اسٹاک مارکیٹ کے وفد نے وزیراعظم کو مالیاتی استحکام کیلئے تجاویز بھی پیش کیں جن میں سے بیشتر تجاویز منظور کرلی گئیں جب کہ وفد کی جانب سے حکومت کی مالیاتی پالیسی پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیر اعظم سے ایف پی سی سی آئی کے وفد اور معروف صنعت کاروں نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے ، کاروبار کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بےروزگاری کا خاتمہ کریں گے، مقصد غربت کا خاتمہ ہے، پورے ملک میں مساوی ترقی چاہتے ہیں، پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے، ہمارے ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here