
الریاض: غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جی سی سی کے انتالیسویں سربراہ اجلاس کے بعد کونسل کے سیکریٹری جنرل عبداللطیف الزیانی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطر میں ہمارے بھائی یہ بات زیادہ بہتر طور پر جانتے ہیں کہ انھیں خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے فعال رکن کی حیثیت سے واپسی کے لیے کیا کرنا ہے
انھوں نے کہاکہ جی سی سی کے رکن ممالک اس بات کے خواہاں ہیں کہ قطر کے ساتھ بحران کا کونسل پر کوئی اثر نہ پڑے۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی ریاستیں ایک خاندان کی طرح ہیں۔ان کے درمیان کسی بھی اختلاف کو خلیج گھر ہی میں طے کیا جاسکتا ہے۔قطر کے خلاف مؤقف اس لیے اختیار کیا گیا ہے کہ اس کو پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔
خلیج تعاون کونسل نے اپنے سالانہ اجلاس کے اختتام پر ایک سات نکاتی الریاض اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیہ میں کونسل کے رکن ممالک کے درمیان دفاع ، معیشت اور دیگر شراکت داری کے شعبوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔