اسلام آباد: وزارت توانائی کی پاور ڈویژن توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ایک ایسے طویل المدتی منصوبے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت 2040 ء تک بجلی کی پیداوار، تقسیم اور ترسیل کا سستا اور موثر نظام بنایا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کے اگلے 100 دن کے دوران پاور ڈویژن بجلی کی پیداوار، تقسیم اور ترسیل سے متعلق اپنا منصوبہ پیش کرے گی جس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی حکومت کے دوران ستمبر سے نومبر تک پاور ڈویژن کی کارکردگی تسلی بخش رہی اورحکومت کے پہلے 100 دن کے دوران بجلی چوروں اورلائن لاسز روکنے کیلئے کافی اقدامات کیے گئے اور واجبات کی بہترین ریکوری ممکن بنائی گئی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے پاور ڈویژن کی تعریف بھی کی تھی۔
پی ٹی آئی حکومت کے پہلے 100 دن کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب خان کی قیادت میں پاور ڈویژن نے بجلی کی پیداوار، تقسیم اور ترسیل کے حوالے سے کافی اقدامات کیے۔ بجلی چوروں کے خلاف مہم شروع کی گئی، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سپیشل ٹاسک فورسز بنائی گئیں، حکومت اور نیپرا کے مابین ٹیرف کے فرق کو کم کیا گیا، بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا۔ زرعی اور صنعتی سیکٹر کی مدد کی گئی، ایڈوانس میٹرنگ کا نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی اور ترسیلی نظام کی بہتری کیساتھ بلوچستان میں زراعت کیلئے ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق حکومت کے پہلے 100 دن کے بعد توانائی کے شعبے میں مسائل سے نبرد آزما ہونے اوراصلاحات کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔