سندھ میں سرمایہ کاری کیلئے صنعتی شعبے میں ترقی کی ضرورت ہے، عالمی بینک

صوبہ سندھ کو سرمایہ کاری سے متعلق ماحول فراہم کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے کو ترقی دینے پر توجہ دینی چاہیے، عالمی بینک

256

پاکستان میں عالمی بینک کے ’بزنس ریفارمز ایڈوائزری اسکوپنگ مشن‘ نے سندھ میں کاروباری اصلاحات کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لیے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ سندھ محمد وسیم سے ملاقات کی جس میں عالمی بینک کے وفد نے تجویز دی کہ صوبہ سندھ کو سرمایہ کاری سے متعلق ماحول فراہم کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے کو ترقی دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اس ملاقات میں تمام متعلقہ اسٹیٹ ہولڈرز اور سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ (ایس بی آئی) بھی شامل تھے۔
اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم نے صوبہ سندھ کو مزید کاروبار دوست بنانے کے لیے باہمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں کاروبار کی رجسٹریشن، تعمیراتی اجازت سے متعلق اصلاحات اور جائیداد رجسٹریشن کی اصلاحات کے لیے صوبائی پورٹل قائم کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ کاروبار کے حوالے سے سرکاری اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مخصوص موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس وقت کاروباری اصلاحات کا ‘اسپرنٹ’ 3 جاری ہے اور عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کاروبار کیلئے فضا میں بہتری ہوئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 11 درجے ترقی کرتے ہوئے 147 سے 136 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here