اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ انہیں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا علم نہیں تھا، قیمت میں اضافے کا ٹی وی سے پتا چلا. روپے کی قدر سٹیٹ بنک نے ہم سے پوچھے بغیر گرائی تھی.
وزیراعظم عمران خان سے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.
سینئر صحافی اور جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران روپے کی گرتی ہوئی قدر سے متعلق انکشاف کیا۔
حامد میر کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’پہلے بھی جب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا تو ان کو علم نہیں تھا اور گزشتہ روز بھی انہیں اس حوالے سے ٹی وی سے پتا چلا، روپے کی قدر اسٹیٹ بینک نے گرائی تھی جو ایک اتھارٹی ہے اور خود یہ کام کرتے ہیں، انہوں نے ہم سے اس حوالے سے نہیں پوچھا‘۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’اب ہم میکینزم بنارہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر روپے کی قدر نہ گرائے‘۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں روپے کی قدر میں اچانک کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا تھا جس سے ڈالر انٹربینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے تک جا پہنچا تھا۔