روس کا 2040ء تک چاند پر انسانی بستی کی تعمیر کا منصوبہ

منصوبے پر2025ء میں کام شروع ہو سکتا ہے تاہم حتمی منصوبہ بندی آئندہ سال کے آخر تک کرلی جائے گی

559

لاہور: روسی خلائی تحقیقی ادارے ‘روسکوسمس’ نے کہا کہ وہ اگلے بیس سال میں چاند پر انسانوں کی کالونی تعمیر کرے گا. یہ منصوبہ 2040ء میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا.

خلائی ادارے کے سربراہ دمیتری روگوزن کے مطابق یہ منصوبہ ان کے ادارے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے. ایک برطانوی اخبار کے مطابق دمتری روگوزن نے بتایا کہ ان کا ادارہ گو کہ مالیاتی مشکلات کا شکار ہے تاہم پھر بھی چاند پر کالونی بسانے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا اور یہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئے راہیں کھولے گا.

خلائی محقق اناتولی میٹروکووچ نے کہا کہ دنیا میں تاحل موجود خلائی ٹیکنالوجی کی مدد سے مریخ پر پہنچنے کی نسبت چاند پر جانا زیادہ آسان ہے. جس منصوبے پر ہم کام کر رہے ہیں اس کا مقصد لمبے عرصے تک انسانوں کی چاند پر آبادکاری کو ممکن بنانا ہے. یہ منصوبہ چاند کی سطح پر ایک انسانی کالونی کی تعمیر سے متعلق ہے.

یہ منصوبہ تین حصوں میں مکمل ہو گا. پہلے حصے میں خلاجہازوں کو چاند کے مدار میں بھیجا جائے گا. دوسرے حصے میں بیس کی تعمیر کرنے والے خلابازوں کی ٹیم کو چاند پر لینڈ کرایا جائیگا جس کے بعد ایک کالونی تعمیر کی جائے گی اور چاند کے تاریک حصے پر نظر رکھنے کیلئے ایک ٹیلی سکوپ بھی نصب کی جائے گی.

روسی خلائی ایجنسی کے مطابق اس منصوبے پر2025ء میں کام شروع ہو سکتا ہے تاہم حتمی منصوبہ بندی آئندہ سال کے آخر تک کرلی جائے گی.

دوسری جانب امریکا کا خلائی تحقیقی ادارہ ناسا دوبارہ چاند پر مشن بھیجنے کا سوچ رہا ہےجس کیلئے ناسا نے کئی نجی خلائی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے. ناسا دس سالہ منصوبے پر 2.6 ارب ڈالر خرچ کرے گا.اس کے علاوہ ناسا مریخ پر انسانی بھیجنے کا بھی سوچ رہا ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here