نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو اوور بلنگ پر شوکاز نوٹس جاری کرکے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔ جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں جولائی اور اگست کے دوران صارفین سے اووربلنگ کے معاملے پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، کمپنیوں سے انکوائری پر 15 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہونے پر نوٹس لیا گیا، جولائی اور اگست میں میٹر ریڈنگ ہوئی؟ نہیں ہوئی؟ یا درست نہیں کی گئی، میٹر ریڈنگ کے درست نہ ہونے سے سلیب میں تبدیلی ہوئی؟، ان سب سوالوں کے جوابات طلب کئے گئے ہیں۔
نیپرا اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اصول و ضوابط کے مطابق 15 روز میں وضاحت دی جائے، ڈسکوز کیجانب سے انکوائری رپورٹ پر اتھارٹی کو مطمئن کرنا ضروری ہے، نیپرا قانون کے مطابق ڈسکوز پر کارروائی اور جرمانہ کرسکتا ہے۔
نیپرا کے مطابق ڈسکوز کی اووربلنگ ثابت ہوئی تو صارفین کو بلز سے رقم واپسی کرنا ہوگی۔