فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چئیرمین نادرا کی سربراہی میں ٹیکس بیس بڑھانے کےلیے اعلی سطح کی تکنیکی کمیٹی قائم کر دی۔ ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بھی مدد لی جائے گی۔
آٹھ رکنی کمیٹی کا مقصد موجودہ مالی سال میں 10 سے 15 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بتدریج 15 فیصد تک لے جانا ہے۔
چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر قابل عمل پلان، سفارشات اور تجاویز مرتب کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ ایف بی آر کے ممبر آپریشنز، آئی ٹی، ڈیجیٹل انیشی ایٹو، چیف پراجیکٹ آفیسر نادرا اور پرال کے سی ای او کو نمائندگی ملے گی۔
کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق مزید لوگوں خاص طور پر امیر طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ڈیٹا انٹیگریشن پلان کی تیاری، نئے ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن کے ساتھ نان فائلرز کا مکمل ڈیٹا بیس بھی مرتب کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے سفارشات بھی تکنیکی کمیٹی کے مینڈیٹ میں شامل ہیں، ایف بی آر کے آٹومیشن سسٹم پرال کی مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائے گی۔