رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 7 فیصد اضافہ

189

 

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال 2023-24 کے پہلے چار مہینوں (جولائی تا اکتوبر) کے دوران 52.47 کروڑ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) حاصل کی ہے، جو کہ پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.11 فیصد زیادہ ہے۔ 

اکتوبر 2023 میں ایف ڈی آئی کی آمد 12.25 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو ستمبر کے 17.26کروڑ ڈالر سے 29.05 فیصد کم تھی، اس کے علاوہ اگست 2023 میں ریکارڈ کیے گئے 19.36 کروڑ ڈالر سے بھی کم تھی۔

تاہم سالانہ بنیادوں پر ایف ڈی آئی اکتوبر 2022 میں ریکارڈ کیے گئے 12.08 کروڑ ڈالر سے قدرے زیادہ تھی۔

چار ماہ کی مدت کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہم ذرائع چین (19.42 کروڑ ڈآلر)، ناروے (7.71 کروڑڈالر)، اور امریکہ (6.59 کروڑڈالر) تھے۔

پاور سیکٹر نے مجموعی طور پر 13.97 کروڑ ڈالر کی ایف ڈی آئی حاصل کی، تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے نے 8.78 کروڑ ڈالر حاصل کیے، اور مالیاتی کاروباری شعبے نے 8.59 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی۔

سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار نے یہ بھی ظاہر کیا کہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری جس میں ایکویٹی سیکیورٹیز اور ڈیٹ سیکیورٹیز شامل ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.14 کروڑ ڈالر کے خالص اخراج کے مقابلے میں چار ماہ کی مدت میں 1.41 کروڑ ڈالر کی خالص آمد ریکارڈ کی ہے۔

کل غیر ملکی نجی سرمایہ کاری جس میں ایف ڈی آئی اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری شامل ہے، چار ماہ کی مدت میں 53.88 کروڑ ڈالر رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 45.73 کروڑ ڈالر سے 17.81 فیصد زیادہ ہے۔

غیر ملکی عوامی سرمایہ کاری جس میں سرکاری قرضے اور گرانٹس شامل ہیں، اکتوبر 2023 میں 29.5 لاکھ ڈالر رہی، جس سے ملک میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری ماہ کے لیے 12.68 کروڑ ڈالر ہو گئی، جو اکتوبر 2023 میں 13.76کروڑ ڈالر سے 7.88 فیصد کم ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ چار ماہ کی مدت کے دوران پاکستان سے ایف ڈی آئی کا اخراج 3.58 کروڑ ڈالر رہا، جس کی بنیادی وجہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع اور ڈیویڈنڈز کی واپسی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here