صارفین تیار ہو جائیں، بجلی کی قیمت میں مزید 1.58 روپے اضافہ متوقع

154

اسلام آباد: اگست میں بجلی کے بھاری بلوں کا بوجھ برداشت کرنے والے صارفین بجلی کی قیمت میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مد میں مزید ایک روپے 58 پیسے اضافے کیلئے تیار ہو جائیں۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی (سی پی پی اے) نے پہلے 2.06 روپے فی یونٹ بڑھانے کی درخواست کی تھی جس پر نظرثانی کر کے 1.58 روپے فی یونٹ کر دیا گیا۔ یہ اضافہ جولائی 2023ء کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے طور پر کیا جا رہا ہے جس کی عوامی سماعت نیپرا نے بدھ کو کی۔

نیپرا میں سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ 27 روپے فی یونٹ وصول کر رہا ہے جبکہ نیپرا کی جانب سے اس کا مقرر کردہ ٹیرف 16 روپے فی یونٹ ہے جبکہ پلانٹ انتظامیہ نے 90 دن کی لازمی انوینٹری کی بجائے محض 45 دنوں کی انونٹری رکھی۔

اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کی انتظامیہ کے مطابق انہوں نے کوئلہ 400 ڈالر فی ٹن کے حساب سے درآمد کیا جو قواعد کی ممکنہ خلاف ورزی کی وجہ سے کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔

اس پر نیپرا حکام نے کہا کہ درآمدی کوئلہ اب 100 ڈالر فی ٹن پر آ چکا ہے۔ انہوں نے کوئلے کی اوسط قیمت مقرر کرنے کی اجازت دے دی تاکہ پلانٹ سستی بجلی پیدا کر سکے کیونکہ مہنگی بجلی پہلے ہی صارفین کیلئے بوجھ بن چکی ہے۔

نیپرا کی سماعت کے دوران مزید معلوم ہوا کہ 3900 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل دو کول پاور پلانٹس اب تک 2200 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سے سسٹم میں شارٹ فال آ رہا ہے۔

سماعت کے دوران ڈسکوز کی جانب سے بجلی کی کم طلب کا مسئلہ بھی زیرِ بحث آیا جس کی وجہ سے کپیسٹی پیمنٹس میں اضافہ ہوا۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ ڈسکوز کی جانب سے بجلی کی طلب کے درست اعدادوشمار پیش نہیں کیے گئے۔ اس پر نیپرا نے دو ہفتوں میں ڈسکوز سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here