لاہور: پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) اور ایرانین آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے آٹوموٹیو ٹیکنالوجی، پزرہ جات اور خام مال کے تبادلے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد آٹو پارٹس اور اسیسریز کی تیاری اور سپلائی کی وسیع گنجائش سے ایک دوسرے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔
پاکستان کے آٹو پارٹس بنانے والی کمپنیوں کے وفد نے حال ہی میں تہران میں ہونے والی نمائش میں شرکت کی، انہوں نے ایرانی چیمبرز آف کامرس اور ایرانین آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں تاکہ باہمی تجارت کی راہیں تلاش کی جا سکیں۔
سات روزہ دورہ کے دوران ایران میں پاکستانی سفارت خانہ اور اس کا تجارتی شعبہ متحرک رہا۔ بارٹر ٹریڈ معاہدے کی توثیق کے حوالے سے دونوں اطراف میں مثبت تاثر غالب رہا۔ ایران چیمبر کی بین الاقوامی امور کی نائب سربراہ نیلوفر اسدی نے کہا کہ دونوں ممالک آٹو انڈسٹری کے شعبے میں تعاون کے ذریعے خلا کو پُر کر سکتے ہیں۔
ایران چیمبر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے، اس حوالے سے نیلوفر اسدی نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔