ایک تعمیراتی فرم آٹو پارٹس بنانے والی بلوچستان وہیلز کو کیوں خریدنا چاہتی ہے؟

348
baluchistan wheels

لاہور: گاڑیوں کے وہیل رِم بنانے والی بلوچستان وہیلز لمیٹڈ کو ایک نیا مالک مل سکتا ہے کیونکہ آر ایم ایس پرائیویٹ لمیٹڈ نے کمپنی کے اکثریتی شئیرز خریدنے بولی لگائی ہے۔

بروکریج ہائوس عارف حبیب نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو مطلع کیا ہے کہ آر ایم ایس پرائیویٹ لمیٹڈ رسمی معاہدے کے ذریعے بلوچستان وہیلز کے 63.56 فیصد یعنی 84 لاکھ 70 ہزر شئیرز جبکہ عوامی پیشکش کے ذریعے مزید 18.22 فیصد یعنی 24 لاکھ 30 ہزار شئیرز خریدنے کی خواہاں ہے۔ اس ٹرانزیکشن کی کامیابی کی صورت میں آر ایم ایس پرائیویٹ لمیٹڈ مجموعی طور پر بلوچستان وہیلز کے 87.78 فیصد شیئرز کی مالک بن جائے گی۔

سیکیورٹیز ایکٹ 2015ء کے ٹیک اوور ریگولیشنز کی تعمیل میں آر ایم ایس کے ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہونے کے باوجود سٹاک مارکیٹ کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ یہ ایکٹ لازمی قرار دیتا ہے کہ ہدف کمپنی کو پی ایس ایکس کو یہ بتانا چاہیے کہ ایک خریدار (acquirer) اُس کے مخصوص حد سے زائد شئیرز خریدنا چاہتا ہے جبکہ خریدار پیشکش کرنے سے قبل اپنے ارادے کا عوامی طور پر اعلان کرنے کا پابند ہے۔

ادھر آر ایم ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ذیشان علی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں زرمبادلہ کے بحران کا سامنا ہے۔ درآمدات ملکی خزانے پر بہت زیادہ بوجھ ڈال رہی ہیں اور مقامی مارکیٹ میں ہر کوئی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ہم نے سوچا کہ بلوچستان وہیلز کو خرید کر مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا جائے۔ ہمیں مقامی مینوفیکچرنگ کی ضرورت ہے۔ بڑی آٹو موٹیو کمپنیاں اَب بھی درآمدی پرزہ جات پر بہت زیادہ انحصار کر رہی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہ وہ بلوچستان وہیلز کو اُس مقام تک پہنچانے کے خواہاں ہیں کہ مقامی آٹو کمپنیاں باہر سے گاڑیوں کے پرزے درآمد کرنے کے بجائے پاکستان میں ہی خریداری کر سکیں۔ پاکستان کی معیشت کو ایک نہ ایک دن اوپر اٹھنا ہی ہے، اس لیے آٹو پارٹس بنانے والی کمپنی کے حصول کا مقصد مستقبل میں ہونے والی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

آر ایم ایس 5 اکتوبر 2007 کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی۔ اس کا بنیادی کاروبار تعمیراتی خدمات پیش کرنا ہے۔ تاہم اس کا مجموعی پورٹ فولیو مختلف قسم کی خدمات پر مشتمل ہے جس میں انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ، عمارات کی دیکھ بھال، پانی کی ترسیل و انتظام، حفاظتی نظام اور انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی پر مبنی حل پیش کرنا وغیرہ۔

بلوچستان وہیلز جیسا کہ نام سے ظاہر ہے آٹو موٹیو پرزہ جات بنانے والی کمپنی ہے جس کی بنیاد 1980 میں برطانوی کمپنی جی کے این سنکے لمیٹڈ کے تکنیکی تعاون سے رکھی گئی۔ یہ کمپنی کاروں، کمرشل گاڑیوں، ٹریکٹروں اور جیپوں وغیرہ کے لیے وہیل رِم بناتی کرتا ہے۔ اس کے گاہکوں میں مقامی اور بین الاقوامی آٹو کمپنیاں شامل ہیں۔

یہ حصول کیونکر ممکن ہو گا؟

اس حوالے سے آر ایم ایس نے بھی زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ ایک بڑی تعمیراتی فرم ہوتے ہوئے آٹو پارٹس بنانے والی کمپنی کو خریدنے کیلئے کیوں کوشاں ہیں۔ تاہم ذیشان علی کہتے ہیں کہ ’’ہم پراجیکٹ مینجمنٹ میں ماہر ہیں اور بڑے پیمانے پر پراجیکٹس فراہم کرنے کا ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ہمیں بلوچستان وہیلز کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی اپنی صلاحیت پر یقین ہے۔‘‘

واضح رہے کہ 8 اگست کو، جس دن نوٹیفکیشن سٹاک مارکیٹ کو بھیجا گیا، بلوچستان وہیلز کے شئیرز کی قیمت 100.43 پر بند ہوئی جبکہ گزشتہ ہفتے فی شئیر قیمت 86.96 روپے تھی۔ یعنی شئیرز کی قیمت میں تقریباََ 15 فیصد اضافہ ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here