نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر، 3 ارب ڈالر چینی قرض کی واپسی کیلئے حکومت نے ضمانت کی منظوری دیدی

364

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ (یونٹ ۔ فائیو) کیلئے چین سے ملنے والے قرض کے حق میں 3 ارب ڈالر مالیت کی خودمختار گارنٹی کی منظوری دے دی۔

سبکدوش ہونے والی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یہ فیصلے تو کیے ہیں لیکن 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کا فیصلہ نگراں حکومت پر چھوڑ دیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس کے بعد وزارت خزانہ نے مطلع کیا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پراجیکٹ یونٹ فائیو کیلئے سرکاری ضمانت کے اجراء کے حوالے سے سمری جمع کروا رکھی ہے۔

ای سی سی نے آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے اندر رہتے ہوئے نیوکلئیر پاور یونٹ کیلئے خودمختار گارنٹی جاری کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔

اس حوالے سے پاکستان او چین کے مابین طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے مطابق چین 3 فیصد شرح سود پر 20 سالہ مدت کیلئے 3 ارب ڈالر (21.3 یوآن) فراہم کرے گا جس کی ادائیگی آٹھ سال بعد شروع ہو گی۔

تاہم پاکستان کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ چینی قرضوں کی ادائیگی کیلئے سود کی شرح کے ساتھ خودمختار ضمانتیں بھی دے۔ موجودہ مالیاتی معاہدہ کے مطابق مطابق بھی یہ ضروری تھا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے قرض واپسی کی ضمانت کیلئے حکومت پاکستان خودمختار ضمانت دے۔

چشمہ نیوکلئیر پاور پلانٹ کا پانچواں یونٹ 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا جس کیلئے چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز لمیٹڈ نے 3 ارب ڈالر قرضہ دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here