سیمنٹ سیکٹر میں نمایاں پیشرفت، جولائی میں ترسیلات میں 57 فیصد اضافہ ہوا

483

اسلام آباد: جولائی 2023ء کے دوران سیمنٹ کی صنعت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ترسیلات میں کا مجموعی حجم 32.12 لاکھ ٹن تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 57.44 فیصد زیادہ ہے۔

سیمنٹ کی مقامی ترسیل میں جولائی 2023ء کے دوران 47.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی 2022 کی 18.87 لاکھ ٹن ترسیل کے مقابلے میں 27.76 لاکھ ٹن کی ترسیل ہوئی۔ اس مثبت رجحان نے سیمنٹ کی برآمدات پر بھی مثبت اثر ڈالا اور ان میں 184 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2023ء میں سیمنٹ کی برآمدات جولائی 2022 کے 1  لاکھ 53 ہزار ٹن سے بڑھ کر 4 لاکھ 35 ہزار ٹن سے زائد رہیں۔

اسی طرح علاقائی تجزیہ کیا جائے تو شمالی علاقوں میں قائم کارخانوں سے سیمنٹ کی ترسیل جولائی 2023 کے دوران 24.73لاکھ ٹن رہی جو جولائی 2022 کے 16.88 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح جنوبی علاقوں میں قائم فیکٹریوں نے 110 فیصد کی قابل ذکر نمو حاصل کی اور جولائی 2023 میں 7 لاکھ 39 ہزار ٹن سیمنٹ نکالا جو جولائی 2022 میں 3 لاکھ 52 ہزار 747 ٹن تھا۔

شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے مقامی مارکیٹ کو جولائی 2023 میں 23.51 لاکھ ٹن سیمنٹ کی ترسیل کی جو جولائی 2022 کے 16.17 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح جنوبی ریجن کی فیکٹریوں نے 4 لاکھ 25 ہزار ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں سپلائی کیا جو جولائی 2022 کے 2 لاکھ 69 ہزار ٹن کے مقابلے میں 58 فیصد زیادہ ہے۔

شمالی ریجن کی فیکٹریوں سے سیمنٹ کی برآمدات میں 73 فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی 2023 میں ایک لاکھ 21 ہزار 814 ٹن تک پہنچ گئیں جبکہ جولائی 2022 میں برآمدات 70 ہزار 247 ٹن تھی۔ جنوبی ریجن کی سیمنٹ فیکٹریوں سے برآمدات میں 277 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال اسی مہینے میں 83 ہزار 270 کے مقابلے میں جولائی 2023ء میں 3 لاکھ 14 ہزارٹن تک پہنچ گئی۔ 

اگرچہ موجودہ مالی سال کا آغاز نمو کے لحاظ سے مثبت نظر آتا ہے، لیکن انڈسٹری نے جولائی 2023 کے دوران مقامی ترسیلات میں معمولی کمی دیکھی جو جون 2023ء کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کم تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مالی سال کے دوران بڑے پیمانے پر تعمیراتی منصوبوں میں متوقع سرمایہ کاری کا حوالہ دیتے ہوئے اس شعبے کے لیے اچھی امید کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس میں رائیلٹی، بجلی، اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مال برداری کے اخراجات متاثر ہوتے ہیں۔

جولائی 2023 میں سیمنٹ کی صنعت کی کارکردگی اس شعبے کے لیے ترقی کے امید افزا امکانات کا اشارہ دیتی ہے، لیکن یہ آنے والے مہینوں میں مسلسل کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے معاشی استحکام اور سازگار حکومتی پالیسیوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو بھی واضح کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here