آغا خان فنڈ 3.5 ارب روپے کے عوض حبیب بینک کے مزید شیئرز خریدنے کا خواہاں

484

لاہور: حبیب بینک لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ نے اوپن مارکیٹ سے تقریباً 3.5 ارب روپے کے عوض اس کے اضافی شیئرز خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس پیشرفت کے بارے حبیب بینک نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو آگاہ کر دیا۔

آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ نے حبیب بینک لمیٹڈ کو 2 اگست 2023 کو لکھے گئے خط سے مطلع کیا کہ فنڈ 3.5 ارب روپے کے جمع شدہ ڈیویڈنڈ، جو استعمال نہیں کیا گیا، سے اوپن مارکیٹ سے ایچ بی ایل کے اضافی شیئرز خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ ایک سوئس منافع بخش اور بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی ادارہ ہے جو مشرقی افریقہ، مغربی افریقہ، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے ممالک میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔

اس سے قبل مئی 2023ء میں ایچ بی ایل نے اپنے شئیر ہولڈرز کو مطلع کیا تھا کہ آغا خان فنڈ اوپن مارکیٹ سے 3.5 ارب روپے کے عوض بینک کے مزید شئیرز خریدنا چاہتا تھا۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی تجزیہ کار ثنا توفیق کے مطابق ’’یہ مارکیٹ میں جاری شیئرز کی واپسی کے رجحان کا ایک حصہ ہے۔ مارکیٹ میں کم قیمت کے باعث سپانسرز اپنے شیئرز خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ یہ اقدام متوقع تھا اور یہ کمپنی پر سپانسر کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ بنیادی طور پر حبیب بینک کے مالیاتی کارکردگی بھی اچھی تھے۔‘‘

2 اگست کو کاروباری دن کے آغاز پر ایچ بی ایل کے شیئرز کی قیمت تقریباً 96 روپے تھی، دوپہر میں آغا خان فنڈ کے مذکورہ اعلان کے بعد 5.75 روپے اضافے سے 102.40 روپے پر پہنچ گئی۔

ایچ بی ایل  نے سال 2023 کی پہلی ششماہی کیلئے 51.5 ارب روپے کے قبل از ٹیکس مجموعی منافع کا اعلان کیا ہے جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔

2023 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے 30 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع ایچ بی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here