سمٹ بینک کا نام بدل کر بینک مکرمہ رکھنے کی منظوری

226

لاہور: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے سُمٹ بینک لمیٹڈ (ایس ایم بی ایل) کا نام بدل کر بینک مکرما لمیٹڈ (بی ایم ایل) رکھنے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے سُمٹ بینک کی جانب سے منگل کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو آگاہ کر دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اپنے مورخہ 13 جون 2023ء کے اعلان کے مطابق سُمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 17 جولائی 2023ء کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 179 کے تحت بینک کا نام سُمٹ بینک لمیٹڈ سے بدل کر بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی منظوری دی ہے جبکہ سٹیٹ بینک سے بھی 17 جولائی 2023ء کو این او سی حاصل کیا جا چکا ہے۔

پی ایس ایکس کو بھیجے گئے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بینک کا نیا نام دیگر ریگولیٹری اداروں اور ایک غیر معمولی اجلاسِ عام منعقد کرکے شیئر ہولڈرز کی منظوری حاصل کرنے کے بعد موثر ہو جائے گا۔

بینک کا نام ایک ایسے وقت میں تبدیل کیا گیا ہے جب حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ممتاز سرمایہ کار ناصر عبداللہ حسین لوطہ نے سُمٹ بینک کے اکثریتی شئیرز خریدے ہیں۔ اپریل میں لوطہ نے 2.51 روپے فی شیئر کے حساب سے 10 ارب روپے میں سُمٹ بینک کے 3.98 ارب شیئرز حاصل کئے تھے۔

اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ بینک کے نئے سرمایہ کار اسے مکمل اسلامی بینک میں تبدیل کرنے، غیر معمولی خدمات اور نئی مصنوعات کی فراہمی کے خواہاں ہیں اور اسے مکمل طور پر اسلامی مالیات کے اصولوں کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here