حبیب بینک کا زرعی شعبے میں قدم، کسانوں کی مدد کیلئے خصوصی کمپنی ’’ایچ بی ایل زرعی‘‘ کا قیام

179

کراچی: پاکستان میں زرعی معیشت کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے نجی شعبے سے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے خصوصی کمپنی کے قیام کا اعلان کر دیا جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

اس حوالے سے ایچ بی ایل کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حال ہی میں ایچ بی ایل کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ’’ایچ بی ایل زرعی‘‘ کے قیام کی اجازت مل چکی ہے جبکہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے اجازت ملنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل زرعی شعبے کو مالیاتی خدمات فراہم کرتا رہے گا جیسا کہ وہ پہلے سے کر رہا ہے جبکہ نئی ذیلی کمپنی کسانوں کو غیر مالیاتی خدمات پیش کرے گی۔ جیسا کہ فصلوں کو ذخیرہ کرنے کی سہولیات کا قیام، بیجوں اور کھادوں کی فراہمی، پانی کے تحفظ کے طریقوں کو فروغ دینا اور فصلوں اور مویشیوں کی بہتر قیمتیں حاصل کرنے میں مدد کیلئے کسانوں کو مارکیٹ کی صورتحال سے آگاہ رکھنا۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ ایچ بی ایل زرعی ایک کارپوریٹ سوشل رِسپونسیبیلٹی (سی ایس آر) پروجیکٹ نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنی مذکورہ خدمات بامعاوضہ فراہم کرے گی۔ سٹوریج کی سہولیات کسانوں کو اپنی پیداوار کو ذخیرہ کرنے اور قیمتیں موافق ہونے پر فروخت کرنے کے قابل بنائیں گی۔

زراعت کے شعبے میں ڈیری اور لائیو سٹاک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایچ بی ایل کے سربراہ نے کہا کہ یہ زرعی شعبے کا تقریباً 60 فیصد ہے لیکن مالیاتی سہولیات کے نقطہ نظر سے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے۔ کارپوریٹ اداروں نے حال ہی میں زرعی شعبے کی حمایت اور فروغ کے لیے قدم بڑھایا ہے۔ بینکوں، انشورنس فرمز، کھاد ساز اور خوراک کی کمپنیاں اس شعبے کی خامیوں کو دور کرنے اور اپنے کاروبار بڑھانے کیلئے تعاون کر رہی ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے اعلان کیا کہ ایچ بی ایل اب کوئلے پر مبنی منصوبوں کی مالی معاونت نہیں کرے گا۔ اس کے بجائے بینک نے اپنی توجہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر مرکوز کر دی ہے جن میں ہوا، شمسی اور پن بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here