وزارت خزانہ کی اے جی پی افسران کا ایگزیکٹو الاؤنس بند کرنے کی ہدایت

268

لاہور: وزارت خزانہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) کے دفتر کو اے جی پی افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس کی ادائیگی بند کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے اخراجات کے گوشوارے کا جائزہ لیتے ہوئے یہ بات مشاہدہ میں آئی کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان سمیت متعدد محکمے ایگزیکٹو الاؤنس وصول کر رہے ہیں۔ فنانس ڈویژن کے آفس میمورنڈم مورخہ 19۔07۔2022 اور 17۔02۔2023 کے مطابق وفاقی سیکریٹریٹ کے اندر صرف 17 سے 22 گریڈ کے ملازمین ہی ایگزیکٹو الاؤنس کے اہل ہیں۔

وزارت خزانہ کے خط میں اے جی پی آر (اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو) اور اس کے ذیلی دفاتر کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے اخراجات کے گوشواروں کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی ایسے شخص کو ایگزیکٹو الاؤنس نہ دیا جائے جو اس کا مجاز نہیں ہے۔ مزید درخواست کی گئی ہے کہ اس طرح کی ادائیگیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے اور پہلے سے کی گئی کسی بھی ادائیگی کی وصولی کی جائے۔

خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فنانس ڈویژن کی سفارشات کی بنیاد پر ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا اختیار مکمل طور پر وفاقی کابینہ کے پاس ہے۔

واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے پہلے فنانس ڈویژن کو اے جی پی افسران کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم وزارت خزانہ نے ابھی تک پی اے سی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here