لاہور: مائیکرو فنانس خدمات فراہم کرنے والے اپنا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ (اے ایم بی ایل) نے کہا ہے کہ فِنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کے ساتھ مجوزہ انضمام کیلئے مذاکرات ختم ہو چکے ہیں، اور وہ اب دوسرے مواقع کی تلاش میں ہے۔
اپنا بینک، جو معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقے کو مائیکرو فنانس خدمات فراہم کرتا ہے، نے 12جون کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس میں اس پیشرفت سے مطلع کیا کہ فیصلہ فریقین کی جانب سے باہمی مستعدی کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد آیا ہے اور یہ کہ اپنا بینک سٹیک ہولڈرز، ڈپازٹرز، قرض لینے والوں، ریگولیٹرز، شراکت داروں اور عملے کے مفاد کو محفوظ بنانے کے لیے دیگر مواقع تلاش کر رہا ہے۔
سال رواں کے شروع میں، اے ایم بی ایل نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے اصولی طور پر مشروط منظوری حاصل کرنے کے بعد فِنکا کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے کیونکہ دونوں مائیکرو فنانس بینک اپنے آپریشنز کو مشترک کرنے پر غور کر رہے تھے تاکہ “زیادہ موثر مائیکرو فنانس بینک” معرض وجود میں آ سکے۔
اے ایم بی ایل نے اس وقت کہا تھا کہ کہ انضمام کے نتیجے میں بننے والے مشترکہ بینک سے تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے بڑے پیمانے پر معاشی فوائد حاصل کرنے کی امید ہے۔
یہ بھی خیال تھا کہ بڑھتا ہوا مارکیٹ شیئر اور لاگت کی مسابقت نرم مائیکرو فنانسنگ اور بچت سکیمیں فراہم کرکے پورے پاکستان میں کم آمدنی والے طبقات کی بہتر خدمت کے لیے بینک کی مالی پوزیشن کو مضبوط کریں گی۔