خیبرپختونخوا، 28 ارب 61 کروڑ روپے لاگت کے 29 منصوبوں کی منظوری

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے پشاور فرانزک لیب کیلئے اراضی کے حصول، ضم شدہ اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس، ہنگو میں ڈیم کی تعمیر، باجوڑ، خیبر، مہمند، اورکزئی، جنوبی و شمالی وزیرستان میں روڈ نیٹ ورک کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی

624

پشاور: خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے 28 ارب 61 کروڑ روپے کی لاگت کے 29 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

گزشتہ روز صوبائ ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا میں منعقد ہوا، اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے 33 منصوبے پیش کئے گئے جن میں سے 28 ارب 61 کروڑ روپے کے 29 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

ضم شدہ اضلاع میں محکمہ سیاحت و کھیل کے گرائونڈز کو سپورٹس کمپلیکس میں اَپ گریڈ کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جنوبی وزیرستان میں وانا سپورٹس کمپلیکس کیلئے 17.6 کروڑ، کلایہ سپورٹس کمپلیکس کیلئے 35.6 کروڑ اور جمرود سپورٹس کمپلیکس کیلئے 30 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے خیبرپختونخوا میں موٹر سپورٹس ایرینا کی فزیبلٹی مکمل ہونے کے بعد اس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کروانے کی منظوری دے دی، منصوبے کا بزنس پروپوزل جلد تیار کیا جائے گا۔

اجلاس میں محکمہ سیاحت کے زیراہتمام صوبے میں اہم فیسٹولز کروانے کی بھی منظوری دی گئی جن کی لاگت کا تخمینہ 28 کروڑ 70 لاکھ روپے لگایا گیا جو محکمہ سیاحت کے سالانہ کیلنڈر کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں تین کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے سوات میں دبیر ویلی روڈ سے جبہ منکیال، موری مالی کولئی پالس کوہستان روڈ اور املوک درہ باغونہ سے نگرئی کچہ روڈ کی فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دی گئی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں پشاور میں فارنزک سائنس لیبارٹری کے قیام کیلئے اراضی کے حصول کی بھی منظوری دی گئی، تین ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ہنگو میں تراوڑئی ڈیم کی منظوری دے دی گئی جس سے جنوبی اضلاع کے آب پاشی اور پانی کے مسائل حل ہوں گے۔

باجوڑ، خیبر، مہمند، اورکزئی، جنوبی و شمالی وزیرستان میں روڈ نیٹ ورک بہتر بنانے کیلئے 225 کلومیٹر کی 48 سڑکوں کی منظوری دی گئی جن پر مجموعی طور پر پانچ ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

تورغر میں میرہ میدا خیل سے گوادر تک 10 کلومیٹر روڈ کی بلیک ٹاپنگ، مچئی پیک اوگی روڈ تورغر اور بریکوٹ سوات میں دو کلومیٹر بائی پاس روڈ کے منصوبے بھی اجلاس میں منظور کئے گئے۔

فورم کی جانب سے عوامی فنڈز کا بہتر استعمال کرنے محکموں کو اپنے فیلڈ انجینئیرز اور متعلقہ سٹاف کو کنسلٹنٹ سلیکشن کے طریقہ کار کی ٹریننگ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تاکہ وسائل کا ضیاع روکا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here