عسکری بنک لمیٹڈ  کی ویبِ نار پر سالانہ جنرل میٹنگ، کیا پی ایس ایکس اجازت دے دے گا؟

1005

کراچی: کورونا وائرس کی وبا کے باعث حکومت کی جانب سے عوامی اجتماعات پر پابندیوں اور سٹاک اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے احتیاط برتنے کی ہدایات کے بعد عسکری بنک لمیٹڈ نے آج (منگل) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) سے ویبِ نار بندوست کے تحت اپنی 28 ویں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) کے انعقاد کی اجازت طلب کی ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ارسال کی گئی درخواست کے مطابق، بنک نے پی ایس ایکس کو آگاہ کیا ہے کہ اس کی سالانہ جنرل میٹنگ 27 مارچ 2020 کو ٹوپی رکھ کمپلیکس (گلیکسی ہال) راولپنڈی میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے نوٹس پہلے ہی تین مارچ 2020 کو اخبارات میں شائع کیا چکا ہے۔

 عسکری بنک نے پی ایس ایکس کے نام خط میں مزید لکھا ہے کہ اس بندوبست کے تحت ڈائریکٹرز اپنی موجودگی، حاضری اور ووٹنگ کا اختیار عسکری بنک بورڈ روم میں موجود لوگوں کو بطور پراکسی دے دیں گے جو اسلام آباد کے ایف ایٹ مرکز میں واقع ہیڈ آفس میں قائم ہے اور صدر و چیف ایگزیکٹو، کمپنی سیکرٹری اور سالانہ جنرل میٹنگ میں شرکت کے لیے ناگزیر دیگر افراد  27 مارچ 2020 کو صبح 10 بجے جمع ہوں گے۔

مزید پڑھیں: 2019 کے اختتام پر عسکری بینک کو سات ارب روپے منافع

بورڈ روم کے ویڈیو لنک کے بارے میں تمام شیئر ہولڈرز کو اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے آگاہ کر دیا جائے گا اور وہ اپنے سمارٹ فونز یا کمپیوٹرز کے ذریعے گھروں یا کسی بھی مقام سے اپنی حاضری کی رسمی کارروائی پورا کرنے کے بعد لاگ اِن کرنے اور سالانہ جنرل میٹنگ میں شریک ہونے کے قابل ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے وہ تمام شیئر ہولڈرز جو 28 ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں شریک ہونا چاہتے ہیں، ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ سالانہ جنرل میٹنگ کے انعقاد سے 24 گھنٹے قبل کمپنی سیکرٹری کو اپنے بارے میں معلومات فراہم کریں جس کے بعد انہیں رسائی کے لیے سکیورٹی کوڈ فراہم کر دیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سالانہ جنرل میٹنگ کا قورم پورا کیا جائے گا اور ریگولیٹری شرائط کے تحت اجلاس کے منٹ بغیر کسی تبدیلی کے محفوظ کر لیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کیا عسکری بینک کے نئے چیف ایگزیکٹو بینک کو جمود سے نکالنے میں کامیاب ہو پائیں‌ گے؟

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات کے باعث اور شیئر ہولڈرز کی فلاح کے لیے سٹاک ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے تمام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سالانہ جنرل میٹنگ کے لیے اپنی معمول کی منصوبہ بندی میں تبدیلی لائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here