پاکستان کی معیشت بحران سے نکل رہی ہے: حفیظ شیخ

مینجمنٹ انسٹیٹیوشنز اور طلباء کو برآمدات بڑھانے اور اسکے ذریعے معاشی ترقی کے عمل میں حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کیا جاسکے، ساتویں ڈینز اینڈ ڈائریکٹرز کانفرنس 2020ء سے خطاب

579

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحران سے نکل رہی ہے، مینجمنٹ سائنسز کے اداروں اور طلباء کو پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے اور اسکے ذریعے معاشی ترقی کے عمل میں حصہ ڈالنا چاہیے۔

نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NBEAC) کے زیر اہتمام ساتویں ڈینز اینڈ ڈائریکٹرز کانفرنس 2020ء سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں دی جانے والی بزنس ایجوکیشن کو زمینی حقائق کے عین مطابق بنانے کا راستہ نکالنا ہوگا کیونکہ برآمدات بڑھانے اور بیرونی سرمایہ کاری لانے میں پاکستان کا ریکارڈ کچھ اچھا نہیں ہے اس لیے ہمیں بزنس ایجوکیشن سسٹم کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا تاکہ عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔

 انہوں نے کہ کہ تعلیمی ماہرین کو چاہیے کہ وہ تعلیم دینے کے طریقہ کار کو ہماری معاشی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مرتب کریں۔ جاب مارکیٹ میں دیہی علاقوں کی خواتین کو بالکل مواقع نہیں دئیے جا رہے لیکن ہمیں یہ تفریق ختم کرنا ہوگی اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنے ساتھ شامل کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی معیشت کیلئے اصل نجات دہندہ کون؟ حکومت، فوج یا کوئی تیسرا؟

یہ بھی پڑھیں: قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی: حفیظ شیخ

حفیظ شیخ نے کہا کہ دیہی علاقوں کے ایسی افراد کو اپنے ساتھ شامل کرنا ہوگا جو ذہین ہیں لیکن ان کے پاس مواقع نہیں اور کئی قسم کی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ یونیورسٹیوں کو ہائبرڈ میتھڈ آف ٹیچنگ کے حوالے سے کام کرنا ہوگا  اور نجی شعبے کو بھی مراعات دینا ہونگی، اس حوالے سے وزارت خزانہ مالی وسائل سمیت ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے جدید اورمعیاری تعلیم ازحد ضروری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here