سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ایس ایس جی سی الٹرنیٹ انرجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (SSGC-AE) نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے صارفین کو قدرتی گیس اور آر ایل این جی فروخت کا لائسنس حاصل کر لیا ہے۔
ایس ایس جی سی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی سٹاک فائلنگ کے مطابق لائسنس اوگرا کی جانب سے طے کردہ شرائط و ضوابط کے مطابق دیا گیا۔
یہ اہم پیش رفت کمپنی کے توانائی کے پورٹ فولیو کو وسعت دینے اور ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قدرتی گیس اور آرایل این جی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کو ظآہر کرتی ہے۔
لائسنس کمپنی کو توانائی کے شعبے اور قومی معیشت میں خاطر خواہ شراکت کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔
ایس ایس جی سی ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے انتظامی کنٹرول کے تحت کام کرتی ہے۔ کمپنی پاکستان کے جنوبی علاقے میں قدرتی گیس کی ترسیل اور تقسیم کا ذمہ دار ہے، جس میں سندھ اور بلوچستان کے صوبوں کا احاطہ کیا جاتا ہے۔
ایس ایس جی سی -اے ای، ایس ایس جی سی کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے جو 2019 میں توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔