پاکستان اور کویت 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کریں گے

188

 

پاکستان اور کویت ماحولیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور فوڈ سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔

جمعہ کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے آئندہ دورہ کویت کے دوران مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم کاکڑ کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کیسز اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی، جو 14 اور 15 نومبر کے ای سی سی اجلاسوں میں لیے گئے تھے۔

وزیر اعظم آفس نے ایک بیان میں کہا کہ مفاہمت نامے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی کوششوں کا نتیجہ ہیں، جس کا مقصد دوست ممالک کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

کویت کے ساتھ جن منصوبوں پر دستخط کیے جائیں گے ان میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کے لیے مینگروو کے جنگلات کا تحفظ اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبے اور فوڈ سیکیورٹی کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں ایس آئی ایف سی نے جمعہ کو ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جس میں متعلقہ وزراء، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

ایس آئی ایف سی نے تعاون کی موجودہ سطح کا جائزہ لیا اور متفقہ طور پر دوست ممالک کے ساتھ رابطے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی اور ان اقدامات کے تحت مختلف منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں کی کوششوں کو سراہا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو طویل مدتی اقتصادی فوائد کو حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

چیف آف آرمی سٹآف نے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے معاشی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here