جے ایس بینک نے بینک اسلامی کے 67 فیصد شئیر خرید لیے

434

کراچی: جے ایس بینک لمیٹڈ نے بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ کے 67.33 فیصد شیئرز خرید لیے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ جے ایس بینک نے یہ شئیرز کتنی مالیت میں خریدے۔ البتہ بینک اسلامی کے 24.9 فیصد شئیرز عوامی پیشکش کے ذریعے خریدے گئے جس کے بعد مزید 42.4 فیصد شیئرز کیلئے سپانسرز کے ساتھ تین الگ الگ معاہدے کیے گئے۔

واضح رہے کہ بینک اسلامی کے 27 کروڑ 60 لاکھ شئیرز کی فروخت کیلئے عوامی پیشکش کی گئی تھی اور اس حوالے سے 15 اگست سے 21 اگست تک درخواستیں طلب کی گئیں تاہم مقررہ تاریخ تک 48 کروڑ 30 لاکھ شئیرز کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئیں۔

اس پیشکش کے منتطم نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ نے سرمایہ کاروں کو بتایا کہ بینک اسلامی کے شئیرز کی خریداری کیلئے عوامی پیشکش سے متعلق تمام ذمہ داریاں سکیورٹی ایکٹ 2015ء اور ٹیک اوور ریگولیشنز کے مطابق پوری کی گئیں اور شئیر ہولڈرز کو تمام ادائیگیاں 24 اگست تک بذریعہ بینک اکائونٹ یا پے آرڈر کر دی گئی ہیں۔

نیکسٹ کیپٹل کے مطابق تمام شئیر ہولڈرز جنہوں نے 500 یا اس سے کم شئیرز کے ٹینڈر دیے تھے قبول کر لیے گئے، جبکہ 500 سے زائد شیئرز کے لیے 57.06 فیصد کا تناسب لاگو کیا گیا۔

جے ایس بینک پہلے ہی بینک اسلامی میں 7.8 فیصد کا حصہ دار تھا تاہم اکثریتی شئیرز خریدنے کا ایک ہی مقصد ہو سکتا ہے کہ جے ایس بینک کے پاس اسلامی بینکاری شاخیں نہیں ہیں۔ اس حصول کے بعد بینک اسلامی آزاد اسلامک ذیلی مالیاتی ادارہ کے طور پر جے ایس بینک کے تحت کام جاری رکھے گا جو اس کے منافع اور اسلامی بینکاری میں متوقع نمو سے فائدہ اٹھا سکے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here