کاروں کی طلب میں کمی، انڈس موٹر کمپنی کا 12 دن کیلئے پیداوار معطل کرنے کا اعلان

409

لاہور: پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی انڈس موٹر کمپنی نے طلب میں کمی کے باعث 25 اگست سے 6 ستمبر 2023ء تک پیداواری یونٹ بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

کمپنی کی جانب سے جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے بندش کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔

پی ایس ایکس کو بھیجے گئے مراسلے میں انڈس موٹر کمپنینے کہا ہے کہ جاری مالی سال کے دوران معاشی مسائل، صارفین کی قوت خرید میں کمی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیوٹیز اور ٹیکسوں میں اضافے کی وجہ سے آٹو سیکٹر کیلئے طلب میں مسلسل کمی آئی ہے۔ طلب میں کمی اور انوینٹری کی سطح کو دیکھتے  ہوئے کمپنی نے جمعہ 25 اگست سے بدھ 6 ستمبر 2023 تک اپنا پیداواری پلانٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے باوجود پاکستان میں صنعتیں اور صارفین اَب بھی معاشی پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں جن کا وہ پہلے شکار تھیں۔

ستارہ پیرو آکسائیڈ، پاک سوزوکی موٹر کمپنی اور دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے اس سے قبل طلب میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے پیداوار بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ملک کے آٹو سیکٹر کو خاص طور پر معاشی مشکلات کا سامنا ہے جس میں درآمدات کے لیے درکار لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کے حصول میں ناکامی بھی شامل ہے۔ ایل سیز کے مسئلے کے علاوہ اس شعبے کو زائد قیمتوں اور ریکارڈ بلند شرح سود کی وجہ سے طلب میں کمی کا سامنا ہے، پاکستانی کرنسی کی گرتی ہوئی قدر بھی مشکلات کا باعث ہے۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2023-24ء کے پہلے مہینے (جولائی) میں ملک بھر میں کاروں کی فروخت میں سالانہ 57 فیصد جبکہ ماہانہ 16 فیصد کمی ہوئی۔ پاما کے ساتھ رجسٹرڈ کار ساز کمپنیوں نے جولائی میں صرف 5 ہزار 92 یونٹس فروخت کیے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here