سنگاپور: پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے ملٹی نیشنل کموڈٹی ٹریڈنگ کمپنی ٹریفیگورا (Trafigura) کو ایل این جی کے دو کارگو خریدنے کیلئے ٹینڈر نہیں دیا جس نے اگلے سال پاکستان کو مائع ایل این جی کے دو سپاٹ کارگو فراہم کرنے کیلئے بولی لگائی تھی۔
باخبر ذرائع کے مطابق ٹریفیگورا نے 4-3 جنوری 2024ء کو ایک ایل این جی کارگو فراہم کرنے کیلئے 23.47 ڈالر اور 24-23 فروری کو دوسرے کارگو کیلئے 22.47 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی کی پیشکش کی تھی۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ نوٹس کے مطابق اسے ٹریفیگورا سے دو بولیاں موصول ہوئی ہیں۔
انڈسٹری ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے کسی بولی کا جواب نہیں دیا کیونکہ اس کے مطابق ایل این جی کارگوز کی قیمت بہت زیادہ تھی، خاص طور پر سردیوں کے موسم کے لیے۔
ایشین سپاٹ ایل این جی کی قیمتیں جمعہ کے روز 11 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ پر تھیں اور رواں سال کے بیشتر حصے میں 20 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے نیچے ہی رہیں لیکن موسم سرما میں جب طلب بڑھ جاتی ہے تو قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان نے آخری بار جون 2022 میں سپاٹ ایل این جی درآمد کی تھی، جب اس نے دو کارگوز کے لیے پیٹرو چائنا کو ٹینڈر دیا تھا۔