لاہور: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے بینکاری کے نگران شعبے نے مختلف قواعدوضواط کی عدمِ تعمیل اور مسلسل خلاف ورزیوں پر چھ بینکوں کو مجموعی طور پر تقریباََ 35.08 کروڑ کا بھاری جرمانہ کر دیا۔
یہ بینک صارفین کی شناخت، اینٹی منی لانڈرنگ، دہشتگردون کی معاونت، غیرملکی زرمبادلہ کے استعمال اور عمومی بینکاری امور کی انجام دہی کے حوالے سے طے شدہ بینکاری اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قصوروار پائے گئے۔
نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کو صارفین کی شناخت اور اثاثوں کے معیار کے حوالے سے ہدایات کی خلاف ورزی پر 14.42 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔
بینک الفلاح کو صارفین کی شناخت، اینٹی منی لانڈرنگ اور غیرملکی زرمبادلہ کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی پر 12.53 کروڑ روپے، میزان بینک لمیٹڈ پر 3.8 کروڑ روپے،
الائیڈ بینک لمیٹڈ پر 2.07 کروڑ روپے، پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ پر 1.22 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح مرکزی بینک کی جانب سے بینک الحبیب لمیٹڈ کو اثاثوں کے معیار اور عمومی بینکاری امور کی انجام دہی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر 1.04 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔
تعزیری کارروائی کے علاوہ تمام بینکوں کو اپنے داخلی امور میں نگرانی کا عمل مضبوط کرنے کی ہدایت کی گئی۔