اسلام آباد: ڈیلرز نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے حالانکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، جو مقامی مارکیٹ کے لیے ایل پی جی کی قیمت کا تعین کرتی ہے، نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
ایل پی جی کی مارکیٹ میں قیمت 240 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت اب 2,830 روپے ہے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 10 ہزار 900 روپے ہے۔
دریں اثنا، دور دراز علاقوں میں قیمت 370 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ان علاقوں کے رہائشیوں کو اب گھریلو سلنڈر کے لیے 4 ہزار 130 روپے اور کمرشل سلنڈر کے لیے 15 ہزار 890 روپے کے بوجھ کا سامنا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ آخری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 177 روپے فی کلو ہے۔ اس کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت 2,092 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 8,049 روپے ہے۔
ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے قیمتوں میں “مصنوعی” اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور 5 اور 6 اگست کو ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گیس ڈیلرز زائد قیمتیں وصول کر کے صارفین کا استحصال کر رہے ہیں۔
عرفان کھوکھر نے بے سہارا صارفین سے کروڑوں روپے بٹورنے والے بلیک مارکیٹرز کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔