2 ارب ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے

286

کراچی: وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اکاؤنٹس ایک بار پھر منجمد کر دیے جس سے قومی ایئرلائن کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹس کی بحالی کے لیے حکومتی سطح پر ایف بی آر سے رابطے جاری ہیں تاہم انہوں نے پروازیں منسوخ ہونے کا تاثر زائل کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹس بند ہونے کے باوجود ایئر لائن نے اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

پی آئی اے کے ذمے ٹیکس کی مد میں 2 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔ گزشتہ سال بھی ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر ایئرلائن کے 53 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے تھے جنہیں بعد میں جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر بحال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد اس کی تین پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔

جن پروازوں کا آپریشن متاثر ہوا اُن میں اسلام آباد سے کراچی پی کے 309، کراچی سے ملتان پی کے 330 اور ملتان سے جدہ پی کے 739 شامل ہیں۔

دریں اثنا پی آئی اے نے پیرس میں اپنی پروازوں کا نظم و نسق سنبھالنے کے لیے ایک معروف کارگو ہینڈلنگ ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک ٹینڈر نوٹس شائع کیا ہے جس سے پی آئی اے کے  جہازوں کی یورپی یونین میں واپسی کے بارے میں امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

یہ کارگو ہینڈلنگ ایجنٹس پی آئی اے اور پاکستان پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی ویب سائٹس پر تجاویز اور کام کے دائرہ کار کے بارے میں تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں اور بولی میں حصہ لینے کیلئے پی آئی اے کے کنٹری منیجر برائے فرانس کو 24 اگست تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی آئی اے نے فرانس سے شروع کرتے ہوئے یورپی یونین کے مختلف ہوائی اڈوں کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے 22 جنوری 2023ء کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے آن لائن آڈٹ کے بعد یورپی ممالک اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ہٹانے سے انکار کر دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here