رحمت علی حسنی تین سال کیلئے صدر نیشنل بینک تعینات

254

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے رحمت علی حیسنی کو تین سال کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کا مستقل صدر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے یہ منظوری وزارت خزانہ کی سفارش پر دی جس نے مذکورہ عہدے کیلئے متبادل کے طور پر محمد عبداللہ احمد اور مدثر حسین خان کے نام بھی تجویز کیے تھے۔

رحمت علی حسنی نے 1995ء ٹورس سکیورٹیز لمیٹڈ سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا۔ جنوری 2010ء میں وہ پاک ایران انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے جب انہوں نے نیشنل بینک میں سینئر نائب صدر کا عہدہ سنبھالا۔ تب تک وہ شعبہ بینکاری میں تقریباََ 15 سال گزار چکے تھے۔ بعد ازاں انہیں ایگزیکٹو نائب صدر کے عہدے پر ترقی مل گئی۔

واضح رہے کہ رحمت علی حسنی مئی 2022ء سے نیشنل بینک کے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ انہیں بینک کے سابق صدر عارف عثمانی کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔

صدر زرعی ترقیاتی بینک کا تقرر

دوسری جانب وزرت خزانہ نے سات امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے بعد وفاقی کابینہ کو طاہر یعقوب بھٹی کو صدر زرعی ترقیاتی بینک تعینات کرنے کی سفارش کر دی۔ ان کے متبادل نوید قاضی اور محمد ہارون ضمیر خان کے نام پیش کیے گئے ہیں۔

زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کا عہدہ نومبر 2022ء سے خالی تھا اور حکومت نے اسداللہ حبیب کو قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں دے رکھی تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here