اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عام انتخابات کیلئے ساڑھے 42 ارب کی منظوری دے دی

208

لاہور: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر 42.53 ارب روپے کے مطالبے سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی سمری غوروخوض کے بعد منظور کر لی۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اسحاق ڈار نے کی۔

ای سی سی نے الیکشن کمیشن کیلئے کل 43.53 ارب روپے میں سے 10 ارب روپے  فوری طور پر جاری کرنے کی منظوری دی جبکہ بقیہ رقم ضرورت کی بنیاد پر جاری ہو گی۔

ای سی سی نے وزیراعظم سیکریٹریٹ کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے حق میں 20 کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی جو جی سی سی اور دیگر ممالک سے دفاع، زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔

ای سی سی نے سنیما گھروں سے بجلی کے نرخ وصول کرنے کے حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پر غور کیا۔ پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ای سی سی نے اس تجویز کی منظوری دی کہ سینما گھروں سے انڈسٹری کے لیے قابل قبول نرخوں کے مطابق بجلی وصول کی جائے۔

ای سی سی نے زمینی راستے سے افغانستان کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز سے سبزی، گھی/کھانے کے تیل کی برآمد کے حوالے سے وزارت تجارت کی سمری پر بھی غور کیا اور ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے پیرا 7(6) اور پیرا 7(7) کو چھوڑنے کی منظوری دی، جو افغانستان کو برآمدات کے لیے شرائط بیان کرتی ہے۔

ای سی سی نے ای پی زیڈز، مینوفیکچرنگ بانڈز اور افغانستان کو ایکسپورٹ کردہ یونٹس سے سبزی گھی/کھانے کے تیل کی برآمد سے متعلق استثنیٰ کو ختم کرنے کے لیے ای پی او- 2022 کے شیڈول II میں مزید ترمیم کی اجازت دی۔

ای سی سی نے سال 24-2023 کے لیے تمباکو کی سیس کی شرحوں پر نظرثانی کے حوالے سے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی سمری پر بھی غور کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here