لاہور میں 91 غیر قانونی فارم ہاؤسنگ سکیموں کا انکشاف

260

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں حکام نے 91 غیر قانونی فارم ہاؤسنگ سکیموں کا سراغ لگایا ہے جس نے غیر قانونی طور پر مضافاتی علاقوں کے پھیلائو اور زرعی زمینوں کو بے دریغ رہائشی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے حوالے سے خدشات کو جنم دیا ہے۔

ان میں سے کئی سکیمیں بھارتی سرحد کے بالکل قریب زیرو لائن کے 8.1 کلومیٹر کے دائرے میں ہیں جس کی وجہ سے اضافی سیکورٹی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تحصیل کینٹ میں 62 غیر قانونی فارم ہاؤسنگ سکیمیں بن چکی ہیں جبکہ تحصیل شالیمار میں ایسی 29 سکیمیں ہیں۔ مقامی حکام نے ان غیر قانونی فارم ہائوسز کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

مغربی پاکستان بارڈر ایریا ریگولیشن 1959ء کے سیکشن 9 کے تحت سرحدی علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات ممنوع ہیں۔ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021ء کے سیکشن 145 کے تحت سرکار ایسی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔

غیر قانونی فارم ہاؤسز میں مختلف پروجیکٹس شامل ہیں۔ تحصیل کینٹ میں الفلاح ہاؤسنگ سکیم، لاہور گرین سٹی، وائٹل سٹی اور دیگر سکیمیں بلا اجازت بنائی گئی ہیں۔ اسی طرح تحصیل شالیمار میں کینال فورٹس ٹو، رضوان گارڈن، واہگہ گارڈن اور کئی دیگر سکیمیں غیر قانونی طور پر بنائی گئی ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 8 کلومیٹر کے دائرے میں ہاؤسنگ سکیموں کیلئے زرعی اراضی کا استعمال سختی سے ممنوع ہے۔ اس قانون کا مقصد قیمتی زرعی زمینوں کو رہائشی مقاصد کیلئے استعمال ہونے سے تحفظ دینا ہے۔ مستقبل میں مذکورہ علاقے میں زرعی اراضی کی خرید و فروخت کیلئے تحریری حلف نامہ جمع کرانا ضروری ہو گا بالخصوص زرعی زمینوں پر فارم ہاؤسز بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور عدنان رشید نے صورتحال کی سنگینی کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اِن غیر قانونی فارم ہاؤسز کے بارے میں آئندہ پندرہ روز میں جامع رپورٹ پیش کی جائے گی جس کی بنیاد پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق لاہور میں غیر قانونی فارم ہاؤسز کو روکنے کیلئے قوانین کا سختی سے نفاذ ضروری ہے جبکہ رہائشی علاقوں کی غیر قانونی توسیع کو روکنے اور زرعی زمینوں کو صرف زرعی مقاصد کیلئے محفوظ رکھنے کیلئے مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکام اس مسئلے کے حل اور پائیدار بنیادوں پر شہر کے پھیلائو کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here