پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینگے، سعودیہ کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

294

اسلام آباد: پاکستان کو درپیش اقتصادی صورت حال کے پیش نظر ایک اہم پیش رفت کے طور پر سعودی عرب نے پاکستان کو دو ارب ڈالر مالی امداد فراہمی کی یقین دہانی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو کروا دی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے آئی ایم ایف کو اس رقم کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے۔

عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کے مطابق ایسی ہی یقین دہانی متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھی ضروری ہے جو پاکستان کو معاشی بحران کے ان دنوں میں ایک ارب دے گا۔

واضح رہے گزشتہ ماہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ معاملات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے  شرط عائد کی تھی کہ اسے پاکستان کو مالی امداد دینے والے دوست ممالک کی طرف سے فنڈنگ کی یقین دہانی کروائی جائے اور آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر آف سٹریٹجک کمیونیکیشنز جولی کوزیک نے کہا تھا کہ دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کو بروقت مالی امداد سے آئی ایم ایف کی معاشی پالیسی کو سہارا ملے گا جس سے  پاکستان پروگرام  پر ریویو کامیابی سے مکمل ہو سکے گا۔

عائشہ غوث پاشا کے مطابق آئی ایم ایف کو معاشی یقین دہانی کروانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9ویں ریویو پر سٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) میں تاخیر کی وجہ بھی یہی ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے دو دوست ممالک سعودی عرب اور یو اے ای سے مالی امداد کی یقین دہانی چاہتا ہے۔

کئی ماہ سے جاری سیاسی و معاشی بگاڑ اور گزشتہ برس کے سیلاب نے پاکستان کو قرضوں میں  بری طرح جکڑے ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ چین نے دو ارب ڈالر کی ری فنانسنگ پر اتفاق کیا جس میں  سے1.7 ارب ڈالر پہلے ہی مرکزی بینک کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔

سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو امداد کی یقین دہانی کے ساتھ ہی نہ صرف آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ رُکے ہوئے مالی معاملات کو حل کرنے کا عندیہ دیا ہے بلکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر بھی مثبت اثر دیکھنے میں آیا اور شیئرز کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔ جمعرات کو کراچی سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 611.95 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here