اسلام آباد: پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے کارپٹ انڈسٹڑی کو خام مال کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد کا کہنا ہے کہ مقامی کارپٹ مینوفیکچررز کو جزوی تیار خام مال کی درآمد کے لیے افغانستان پر انحصار کرنا پڑتا ہے لیکن مغربی ہمسائے کی اندرونی صورت حال کے باعث کارپٹ انڈسٹری تشویش میں مبتلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کے راستے جزوی تیار خام مال کی درآمدات پر عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں چھوٹ کے حوالے سے حکومتی ذمہ داران سے رابطے جاری ہیں اور آئندہ ہفتے چیئرمین ایف بی آر سے دوبارہ ملاقات کی جائے گی ۔
اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سعید خان، ملک اکبر، میجر (ر) اختر نذیر، فیصل سعید خان، دانیال حنیف اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ بعض نمائندے بذریعہ ویڈیو لنک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مشکلات خصوصاََ افغانستان کی صورت حال کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف تجاویز دی گئیں، شرکاء نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ لوگ دعا گو ہیں کہ افغانستان میں پائیدار امن قائم ہو تاکہ خطے کی صورت حال میں بھی بہتری آ ئے۔