بورڈ آف انویسٹمنٹ 2023ء تک 50 ارب ڈالر بیرونی سرمایہ کاری پاکستان لانے کیلئے پرعزم

چینی کمپنیوں نے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں سٹیل کے شعبہ میں 26 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی ہے، اب تک 60 مقامی اور 13 چینی کمپنیاں مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز کیلئے رجسٹریشن کروا چکی ہیں، سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ

899

اسلام آباد: سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) 2023ء تک ملک میں 50 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) لانے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر کے مطابق بورڈ دنیا کے بڑے ممالک سے قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کی حکمت عملی پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی او آئی کی اولین ترجیح ایف ڈی آئی میں اضافہ ہے اور اس حوالے سے امریکا اور چین سمیت سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پاکستان میں پرکشش مواقع سے استفادہ کر سکیں۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل، ذاتی تحفظ کے آلات (پی پی ایز)، زراعت، آٹو موبائل، لاجسٹکس اور سپورٹس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

فرینہ مظہر کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں نے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں سٹیل کے شعبہ میں 26 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے سٹیل کے شعبہ کی قومی پیداوار اور ملک کی صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

’گوادر کے نارتھ فری زون میں ایک ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری متوقع‘

’11 ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری میں 107 فیصد، ترسیلات زر میں 29.4 فیصد اضافہ‘

انہوں نے کہا کہ چینی اور مقامی کمپنیاں مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کیلئے تیار ہیں، اس حوالے سے 60 مقامی اور 13 چینی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری لانے کیلئے حوالے سے بی او آئی نے چین کے مختلف علاقوں میں 8 اعزازی انویسٹمنٹ قونصلرز تعینات کئے ہیں۔

سیکرٹری سرمایہ بورڈ نے کہا کہ ہم نے کاروباری طبقہ سے ان افراد کی تعیناتی کی ہے جو متعلقہ شعبوں میں وسیع تجربہ کے حامل ہیں اور وہ پاکستان اور چین کی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے رابطوں کے فروغ میں معاون ثابت ہونگے جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تعیناتی پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالہ سے پاکستان اور چین کے معاشی رابطوں کے فروغ کی حکمت عملی کے تحت کی گئی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون پاکستان میں صنعتی ترقی کو نئی جہت دے گا۔ ملک کی معاشی تاریخ کا یہ اہم منصوبہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

فرینہ مظہر نے کہا کہ رشکئی ، دھابیجی ، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور بوستان کے چار خصوصی اقتصادی زون کی منظوری دی جا چکی ہے، جو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان زونز کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین کاروباری مواقع پیش کرنے کے حوالہ سے ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے نہ صرف وسطی ایشیائی ممالک بلکہ خطے کی صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔ سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں 3 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہے اور 2023ء تک پاکستان میں 50 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی کو راغب کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری بورڈ نے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی معاونت کے حوالے سے اصلاحات کے جامع ایجنڈا کے تحت خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں اور سرمایہ کار ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن ، زمین کے حصول سمیت دیگر تمام سہولتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here