اسلام آباد: مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں 18.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کا حجم 13 ارب 74 کروڑ 82 لاکھ 96 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے مقابلے میں 18.9 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2019ء سے مئی 2020ء تک کی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 11 ارب 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پی بی ایس کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 32.7 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات سے 3 ارب 41 کروڑ 43 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔
تولیے کی برآمدات 28.5 فیصد اضافہ سے 83 کروڑ 85 لاکھ 7 ہزار ڈالر اور بیڈ ویئرز کی برآمدات 24.6 فیصد اضافہ سے 2 ارب 47 کروڑ 27 لاکھ 82 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2020ء کے مقابلہ میں مئی 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات میں 41.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس عرصہ سے نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 62 فیصد، تولیہ کی برآمدات میں48.4 فیصد، تیار ملبوسات کی برآمدات میں 43.7 فیصد، سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 38.6 فیصد، سوتی کپڑا کی برآمدات میں 37 فیصد اور بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 23.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔