کراچی: سندھ ریونیو بورڈ نے مالی سال 2020-21ء کے دوران 128 ارب روپے وصولی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے مجموعی طور پر مالی سال 2020-21ء کے دوران 128 ارب روپے وصول کئے جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 106 ارب روپے سے 21 فیصد زیادہ ہے حالانکہ رواں سال کورونا وبا اور معاشی سست روی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے سیلز ٹیکس کے 121 ارب روپے کے مقابلے میں 128 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی گئی۔
اسی طرح ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں گزشتہ سال کے 6 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال 7 ارب روپے وصولی کی گئی جو 17 فیصد زیادہ ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2020-21 کے سندھ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا تھا جو کہ قابل ستائش ہے، وبا کی وجہ سے خدمات کے شعبے کیلئے کاروباری ماحول بھی کافی حد تک ناگوار رہا، سال بھر کورونا کے باعث جزوی طور پر لاک ڈاﺅن لگانا پڑا۔