پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں اتھارٹی کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور مہمند مابل سٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کیلئے مجوزہ ایس او پیز کی صوبائی حکومت سے منظوری کے بعد ان ایس او پیز کو حتمی منظوری کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ اسلام آباد کو پیش کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ساتواں اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت منعقد ہوا، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم کے علاوہ بورڈ کے سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں مہمند ماربل سٹی کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے اور اس مقصد کیلئے مزید دو ہزار ایکڑ اراضی کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو وارسک روڈ، ملا گوری اور شبقدر میں قائم ماربل کارخانوں کی مہمند ماربل سٹی میں منتقلی کا عمل تیز کرنے جبکہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو بروقت سہولیات دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹ الاٹ ہونے کے چھ مہینے کے اندر اگر صنعت لگانے پر عملی کام شروع نہ ہو تو پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبرپختونخوا : کرپشن کے خاتمے کیلئے گندم کے ترسیلی نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا: ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے 14 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص
اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے ایشیائی بینک سے مزید 14 کروڑ ڈالر مانگ لیے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصل مقصد صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے جس کیلئے محکمہ صنعت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں طے شدہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کو بورڈ کے سابق اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی بورڈ آف انویسٹمنٹ نے رشکئی سپیشل اکنامک زون کیلئے زونز ریگولیشن کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور ان ریگولیشنز کو رشکئی سپیشل اکنامک زون پر دستخط شدہ ترقیاتی معاہدے کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سپیشل پرپز وہیکل کی سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
اجلاس کو مہمند اکنامک زون کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ زون 350 ایکڑ کے رقبہ پر مشتمل ہے اور اس میں مختلف کیٹگریز کے 290 پلاٹس میں سے 106 پلاٹ پہلے سے الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ صنعتوں کو بجلی فراہمی کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مہمند اکنامک زون کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ اس مقصد کیلئے درکار دو ہزار ایکڑ اراضی خریدی جائے اور فزیبلٹی کی تیاری پر کام شروع کیا جائے۔
اجلاس میں ڈی آئی خان میں سیمنٹ اور دیگر تعمیراتی مواد کی صنعتیں لگانے کیلئے ایک نجی کمپنی کو سول انٹر پرائز (Sole Enterprise) کا درجہ دینے کی تجویز پر غوروخوض کے بعد اسے حتمی منظوری کیلئے وفاقی بورڈ آف انویسٹمنٹ کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ امر ہر لحاظ سے یقینی بنایاجائے کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون میں صنعتی پلاٹس فروخت نہیں ہوں گے بلکہ ایک خاص مدت کیلئے لیز پر دیئے جائیں گے۔