مائیکرو سافٹ کی ونڈوز 11 میں کون سے فیچرز شامل ہوں گے؟

1099

واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے پانچ برس بعد اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 متعارف کرا دیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر ساتیا نڈیلا نے ونڈوز 11 کی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا کو بتایا کہ ونڈوز 11 رواں برس کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ ونڈوز 11 کی خاص بات یہ ہو گی کہ اس میں نیا ایپ سٹور دیا گیا ہے جس کے تحت صارفین اپنے ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ پر اینڈرائیڈ موبائل ایپلی کیشن سے مستفید ہو سکیں گے۔

مائیکروسافٹ کے سی ای او نے مزید بتایا کہ ونڈوز 11 کے نئے ایپ سٹور پر سافٹ ویئر بنانے والوں کو مائیکرو سافٹ کو کمیشن نہیں دینا پڑے گا، اس کے علاوہ ونڈوز 11 میں مقامی خبر رساں اداروں کو بھی براہِ راست شامل کیا گیا ہے۔ نئی ونڈوز میں گیمز کے شوقین افراد کیلئے ایکس باکس ایپلی کیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ونڈوز 11 کون سے سسٹم پر چلے گی؟

ونڈوز 11 رواں سال کے آخر میں عام صارفین کے لیے دستیاب ہو گی اور مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اسے مفت اپ گریڈ کیا جا سکے گا، بس اس کے لیے سسٹم کی ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔ جن صارفین کے کمپیوٹر یا ڈیسک ٹاپ پر ونڈوز 10 انسٹال ہے وہ نئی ونڈوز 11 مفت ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

مائیکروسافٹ کے نئے آپریٹنگ سسٹم کے لیے ونڈوز 10 کی بنیادی ضرورت کے مقابلے میں زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت ہو گی۔ آپ کا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ ونڈوز 11 سسٹم پر پورا اترتا ہے یا نہیں اس جاننے کے لیے مائیکرو سافٹ کی پی سی ہیلتھ چیک ایپ کو ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔

ونڈوز 11 ہوم ایڈیشن کو انسٹال کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکٹویٹی کی ضرورت ہوگی اور پہلی بار استعمال کے لیے مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ سے پراسیس مکمل ہو گا۔ ونڈوز 11 کے لیے کمپیوٹر میں ایک گیگا ہرٹز یا اس سے زیادہ طاقت کے پراسیسر کی ضرورت ہے جبکہ کم از کم ڈوئل کور 64 bit چپ بھی درکار ہو گی۔ اس کے مقابلے میں ونڈوز 10 کے لیے 32 bit کو کافی سمجھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ونڈوز کے صارفین کی تعداد ایک ارب 30 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here