خیبرپختونخوا : کرپشن کے خاتمے کیلئے گندم کے ترسیلی نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

گندم کی ایک سے دوسرے شہر ترسیل کے دوران سیٹلائٹ ٹریکنگ کی جائے گی، ورلڈ فوڈ پروگرام اور محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

892

پشاور: حکومت خیبر پختونخوا نے محکمہ خوراک سے کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کیلئے گندم کے ترسیلی اور سٹوریج کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گندم کی ترسیل اور صوبے کے تمام گوداموں کو کمپیوٹرائزڈ بنانے کے حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام اور محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط خیبرپختونخوا ہائوس اسلام آباد میں ہوئے۔

مفاہمتی یادداشت پر وزیر برائے خوراک و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا عاطف خان کی موجودگی میں سیکرٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا خوشحال خان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کے نے دستخط کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوے وزیر خوراک عاطف خان نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت خیبرپختونخوا کے گندم سٹوریج نظام کو جدید اور کمپیوٹرائزڈ بنایا جائے گا اور ورلڈ فوڈ پروگرام اس سلسلے میں مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا: ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے 14 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص

خیبرپختونخوا: زرعی زمین کا ضیاع اور غیر قانونی تعمیرات روکنے کیلئے نیا قانون نافذ

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک آئندہ مالی سال میں 15 ارب کی فوڈ سبسڈی دے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میں کسی قسم کی بھی کوتاہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں گندم کی ایک سے دوسرے شہر ترسیل کے دوران سیٹلائٹ ٹریکنگ کی جائے گی، جدید نظام متعارف ہونے سے محکمہ خوراک میں کرپشن ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے نئے اور سخت قوانین بھی متعارف کروا رہے ہیں۔

محکمہ خوراک کے فوڈ انسپکٹرز کی ٹریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ اس مفاہمتی یاداشت کے تحت فوڈ انسپکٹرز کو عالمی معیار کی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔

اس موقع پر سیکرٹری خوراک محکمہ خیبرپختونخوا خوشحال خان نے کہا کہ وہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے خیبر پختونخوا کے محکمہ خوراک کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک خوشگوار قدم اٹھایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here