احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری، 80 لاکھ افراد مستفید ہوں گے

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں اے ایس ایف ملازمین کے اخراجات کیلئے 70 کروڑ، نیوی ہیڈکوارٹرز کیلئے تین ارب 90 کروڑ، کرتارپور راہداری کے سپیشل سکیورٹی وِنگ کے قیام کیلئے 40 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی

1745
APP28-10

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلہ کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی ورچوئل صدارت میں ای سی سی کا اجلاس گزشتہ روز کابینہ ڈویژن میں ہوا۔

اجلاس میں ای سی سی نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلہ کی منظوری دی، دوسرے مرحلہ میں پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 80 لاکھ تک بڑھائی جائے گی۔ جون 2021ء تک نیشنل سوشل اکنامک رجسٹری سروے (این ایس ای آر) کے ذریعے مستحق افراد کی شناخت کرکے جنوری تا جون 2021ء کی کفالت کی مد میں 12 ہزار روپے فی کس ادا کئے جائیں گے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سروے کے دوران شناخت کئے گئے اضافی 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، ان اضافی مستفید ہونے والوں کو کووڈ۔19 کی وجہ سے روزگار متاثر ہونے پر ایک مرتبہ ہی 12 ہزار روپے دیے جائیں گے، ادائیگی رواں سال کے دوران مکمل کی جائے گی، اضافی 40 لاکھ افراد کو مالی اعانت کا تخمینہ 48 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

ایکنک: حیدر آباد-سکھر موٹروے سمیت 10 ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی منظوری

سی ڈی ڈبلیو پی: سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے 8.7 ارب روپے کے چار منصوبوں کی منظوری

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے واپڈا کے خالص ہائیڈل پرافٹ کی تقسیم کی سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ پاور ڈویژن، واپڈا اور فنانس ڈویژن سے ایک ایک رکن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو ادائیگی کے حوالہ سے جامع تجاویز مرتب کرے۔

ای سی سی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء کے تحت 12 مختلف نوٹیفکیشنز کے اجراء کی بھی منظوری دی۔ ایکٹ پر عملدرآمد سے درآمد و برآمد کنندگان کیلئے پیپر ورک کے دورانیہ میں کمی، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں میں اشتراک کے فروغ کے علاوہ علاقائی و عالمی معاشی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہوا بازی ڈویژن کے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ملازمین کے اخراجات کیلئے 70 کروڑ روپے، کابینہ ڈویژن کے 6 ایوی ایشن سکواڈرن میں مرمت اور خریداری کیلئے 28 کروڑ 88 لاکھ 93 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

اسی طرح پاکستان نیوی ہیڈکوارٹرز میں مختلف آپریشنل اخراجات کے فنڈز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈیفنس ڈویژن کیلئے تین ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے، وفاقی وزارت تعلیم و تربیت کے ذیلی اداروں کے اخراجات کیلئے 12 کروڑ 47 لاکھ 27 ہزار روپے، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ترقیاتی اخراجات کیلئے 81 کروڑ 94 لاکھ 6 ہزار روپے تکینکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔

ای سی سی نے کرتارپور راہداری کے سپیشل سکیورٹی وِنگ کے قیام کیلئے 40 کروڑ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے ملازمین کی پنشن ادائیگی کیلئے چار کروڑ 28 لاکھ 97 ہزار اور پاکستان ایگریکلچرل کونسل کے پنشن واجبات کی ادائیگی کیلئے 80 کروڑ 65 لاکھ 85 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی، عمر ایوب، معاونین خصوصی ندیم بابر، عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کے علاوہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here