اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کیلئے 19 ملکی و غیرملکی کمپنیوں کو مینوفیکچرنگ کی اجازت دے دی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر دس سال کیلئے اجازت دی گئی ہے، اس دوران مینوفیکچررز اپنے برانڈز تشکیل دے سکیں گے جو ’میڈ اِن پاکستان‘ ویژن کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
Press Release: PTA has issued Mobile Device Manufacturing Authorizations to 19 foreign and local companies for the production of mobile devices (2G/3G/4G ) locally. pic.twitter.com/zsAuGucdBb
— PTA (@PTAofficialpk) May 25, 2021
اِن مینوفیکچررز کے ذریعے تیار کردہ موبائل فونز ناصرف پاکستان میں فروخت کیے جائیں گے بلکہ خطے کے ممالک سمیت دیگر مسابقتی مارکیٹوں میں برآمد بھی کیے جا سکیں گے۔
پاکستان میں موبائل فون تیار کرنے والی 19 کمپنیاں ناصرف مقامی صارفین کو کم قیمت ہینڈ سیٹ کی دستیابی یقینی بنائیں گی بلکہ اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹس پر روزگار کے سینکڑوں مواقع بھی پیدا کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرکے مہنگے موبائل فون بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے جس درآمدی بل میں اضافہ ہوتا ہے اور تجارتی خسارہ بھی بڑھتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق حکومت نے پاکستان میں مینوفیکچررز کی جانب سے پلانٹ لگانے کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک جامع اور معاون ’موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی‘ متعارف کرائی تھی۔
اس پالیسی کے نتیجے میں 2021ء میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز جاری کیے گئے، ان اقدامات کے تحت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کی اجازت جاری کی گئی ہے جو ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔